اے این ایف کی کارروائی ، منشیات کی بیرون ملکوں میں اسمگلنگ کی کوششیں ناکام؛ ملزمان گرفتار

23 Apr, 2025 | 10:53 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : اینٹی نارکوٹکس نے منشیات کی قطر، سعودی عرب اور دبئی  اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے  ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران 8 مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 65 لاکھ سے زائد مالیت کی 57.325 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔

حکام نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحا جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 788 گرام آئس برآمد کرلی۔ علاوہ ازیں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی  1460 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں جب کہ اسلام آباد میں کوریئر آفس میں دبئی بھیجے جانے والے پارسل سے 4.485 کلو مشتبہ منشیات برآمد ہوئی ہے۔

اُدھر پسنی، گوادر کے غیر آباد علاقے سے اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 46 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ جناح کرکٹ اسٹیڈیم سیالکوٹ کے قریب سے 2 ملزمان سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں کوریئر آفس کے ذریعے خانیوال بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو آئس برآمد ہوگئی۔

پشاور میں کوریئر آفس کے ذریعے لاہور گوجرانوالہ اور فیصل آباد بھیجے جانے والے پارسل سے مجموعی طور پر  130 گرام چرس اور 600 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ شاہ خاکی راولپنڈی کے قریب ملزم سے 1 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔

اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

مزیدخبریں