ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیرج چوپڑا کی ارشد ندیم کو نیزہ بازی ایونٹ میں شرکت کی دعوت

نیرج چوپڑا کی ارشد ندیم کو نیزہ بازی ایونٹ میں شرکت کی دعوت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:   بھارت میں اولمپک ہیرو اور معروف جیولین تھروور نیرج چوپڑا کے نام سے ایک عالمی سطح کا نیزہ بازی ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے جو مئی میں بنگلور کے سری کانتیراوا اسٹیڈیم میں ہو گا۔یہ ایک روزہ خصوصی ایونٹ جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے نمایاں نیزہ بازوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں پاکستان کے ارشد ندیم کا نام بھی شامل ہے۔

نیرج چوپڑا نے 21 اپریل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہےکہ انہوں نے ارشد ندیم سے خود رابطہ کیا ہے اور انہیں ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ نیرج چوپڑاکے مطابق ہاں، میری ارشد ندیم سے بات ہوئی ہے۔ اُس نے کہا کہ وہ اپنے کوچ سے مشورہ کرے گا اور پھر فیصلہ کرے گا۔ فی الحال اس کی طرف سے کوئی حتمی جواب نہیں آیا۔نیرج نے بتایا کہ ارشد سمیت تمام عالمی معیار کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے اور حتمی فہرست تبھی جاری کی جائے گی جب تمام کھلاڑی اپنی شرکت کی تصدیق کر دیں گے۔

ایونٹ کے انعقاد کے لیے ابتدائی طور پر نیرج کے آبائی علاقے پنچکولا کے تاؤ دیوی لال اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا تھا تاہم سہولیات کی کمی کے باعث مقام کو تبدیل کر کے بنگلور منتقل کر دیا گیا۔نیرج چوپڑا کے مطابق بھارت کے دیگر 3 سے 4 نیزہ باز بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گے، جن میں روہت یادو نمایاں ہیں۔ یورپ اور دیگر خطوں سے بھی کئی معروف ایتھلیٹس نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔

اگر ارشد ندیم اس ایونٹ میں شرکت کرتے ہیں تو یہ نہ صرف کھیلوں کے میدان میں ایک بڑا مقابلہ ہو گا بلکہ پاک بھارت اسپورٹس ڈپلومیسی کے تناظر میں بھی ایک مثبت پیش رفت تصور کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پیرس اولمپکس میں نیرج چوپڑا نے 89.45 میٹر تھرو کی تھی جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔