ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے

23 Apr, 2024 | 06:03 PM

عاجز جمالی: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد  کراچی پہنچ گئے۔

 جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ  پہنچنے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی  کا استقبال کیا. رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری،صوبائی وزراء عذرا پیچوہو،شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ نے بھی ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ صوبائی وزراء سعید غنی اور سردار بھی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں میں سخت سیکیورٹی انتظامات، پولیس اور رینجرز کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں.

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنی اہلیہ جمیلہ عالم الہدیٰ کے ہمراہ کراچی پہنچے ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی ایئرپورٹ سے مزار قائد پر حاضری کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔

 واضح رہے کہ کراچی میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شہر بھر میں ڈرون اڑنے پر بھی دفعہ 144نافذ ہے جو کہ آئندہ مزید 7 روز کیلئے لگی رہے گی ۔

مزیدخبریں