سٹی42: دبئی میں کراٹے کے میچ میں بھارتی کھلاڑی کو میچ میں چند سیکنڈ میں ہرانے سے پہلے تھپڑ مارنے والے پاکستانی فائٹر نے اپنی حرکت کی وجہ یہ بتائی ہے کہ بھارتی کھلاڑی میچ سے پہلے پاکستان کے خلاف باتیں کر رہا تھا۔
پاکستانی کراٹے فائٹر شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس ہوتی ہے، بھارتی فائٹر سوشل میڈیا پر بھی پاکستان کے خلاف نامناسب باتیں کر رہا تھا۔
دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ کے 45 کلو گرام کیٹیگری والے مقابلوں میں پاکستان کے شاہ زیب رند نے بھارت کے رانا سنگھ کو 20 سیکنڈ میں ہی روند ڈالا تھا۔
صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شاہ زیب رند نے کہا کہ بھارتی فائٹر نے میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھی نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔ بھارتی فائٹر نے گالی دی تھی اور مجھے دھکا دیا تو میں نے تھپڑ مارا تاکہ اس کے ہوش ٹھکانے آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فائٹ کے لیے بہت محنت کی تھی، امریکہ میں ٹریننگ کی، بھارتی فائٹر سے فائٹ میں پریشر بالکل نہیں لیا۔ فائٹ جیتنے کے بعد بھارتی اداکار سلمان خان سے ملاقات ہوئی۔
سلمان خان نے بھارتی حریف کو چند سیکنڈوں میں شکست دینے والے پاکستانی فائٹر کو مبارکباد دی تھی۔
شاہ زیب رند نے کہا کہ سلمان خان نے میرے پہلے بھی دو تین مقابلے دیکھے تھے، سلمان خان بہت خوش تھے، انہوں نے مجھ سے کہا ہر کسی کو 20 سکینڈ میں ناک آؤٹ کردیتے ہو۔
شاہ زیب رند نے کہا کہ فائٹ جیتنے کے بعد میں نے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے پرچم اٹھائے جو ایک پیغام تھا، بھارتی فائٹر کے رویے پر میرا پیغام تھا کہ پتھر کا جواب ہم پھول سے دیں گے۔
پاکستانی کراٹے فائٹر نے کہا کہ میرے مخالف کا ریکارڈ مجھ سے ڈبل تھا لیکن میں نے پریشر نہیں لیا، بچپن سے ہی مارشل آرٹس میں ہوں، 8 سال کی عمر سےکھیلنا شروع کیا، میں پہلا پاکستانی ہوں جو امریکی لیگ میں کھیلا ہوں۔
شاہ زیب رند کا مزید کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کا کلچر دنیا میں پہنچاؤں، کوشش ہے کہ پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں اجاگر کروں۔