لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش،محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی  

23 Apr, 2024 | 11:42 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)  لاہور سمیت  پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح  سویرے بادل پھر برس پڑے، مختلف مقامات پر ژالہ باری نے موسم کا حسن دوبالا کردیا۔ 

 لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ رم جھم ہوئی۔

 لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن اور دیگر شہروں میں صبح کے وقت بادل برسے۔

 بارش کے باعث حالیہ دنوں میں بڑھنے والی گرمی کا زور ایک مرتبہ پھر ٹوٹ گیا، بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں سے موسم خوش گوار ہو گیا، جس کے بعد شہریوں میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے خوشی کی لہر دوڑ گئی، بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 29 اپریل تک پنجاب میں آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور  چند مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

 دوسری جانب   24 سے 27 اپریل کے درمیان بلوچستان میں بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو نے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کل سے27 اپریل کے دوران کوئٹہ، زیارت، شیرانی، موسیٰ خیل، نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان، کوہلو اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، قلات، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبداللّٰہ میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ نوشکی، پشین، ہرنائی، بارکھان، گوادر، کیچ، آواران میں 26 اور 27 اپریل کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

 خیبر پختونخوا میں جمعرات کی رات سے پیر تک بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سندھ میں جمعرات اور جمعہ کو سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں گرد آلود ہوائیں، آندھی چلنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جمعہ سے پیر تک بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

مزیدخبریں