(ویب ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
اس کے علاوہ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق، چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایرانی صدر کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔
مزار اقبالؒ پر حاضری
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایئر پورٹ سے مزار اقبال پہنچے جہاں مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو مزار اقبال پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔
معزز مہمان نے شاعر مشرق علامہ اقبال کےمزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا، بعدازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
مزار اقبال پر میڈیا سے گفتگو میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے امت مسلمہ کو نئی راہ دکھائی، جیسے آپ کو اپنی قوم پر ناز ہے ویسے ہمیں بھی اپنی قوم پر ناز ہے، ہمیں اپنے مجاہدین پر بہت زیادہ ناز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سپریم لیڈر بھی یہی کہتے ہیں اس جنگ میں غزہ اور فلسطین والے جیتنے والوں میں سے ہوں گے، اس جنگ میں تباہی صیہونیوں اور اسرائیلیوں کی ہوگی، غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتا۔
دورہ لاہور کے دوران وزیر اعلیٰ کی جانب سے گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام ہوگا، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے بعد کراچی روانہ ہو جائیں گے۔
شہر قائد میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ایرانی صدر کا استقبال کریں گے، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر حاضری دیں گے اور بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور اور کراچی کے موقع پر آج دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تعطیل ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی معززین کی آمد کے پیش نظر سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز آج بند رہیں گی، سرکاری اور نجی دفاتر بھی نہیں کھلیں گے۔