مریم، شہباز شریف ، شاہد خاقان ، مفتاح اسماعیل کے نام ای سی ایل سے خارج

23 Apr, 2022 | 10:46 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)وزارت داخلہ نے ترمیم شدہ ای سی ایل رولز پر عملدرآمد شروع کر دیا۔ اہم سیاسی،کاروباری شخصیات کیساتھ بیوروکریٹس کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا،ذرائع ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا نام بھی ای سی ایل سے ہٹا دیا گیا، شہباز شریف کے اہل خانہ کا نام بھی ای سی ایل سے خارج کیا گیا،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے صاحبزادے عبداللہ خاقان کا نام بھی لسٹ سے خارج کردیا گیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام بھی مستقل طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیا۔

سابق چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل سمیت دیگر اہم شخصیات کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیئے گئے۔ وزارت داخلہ نے چار کیٹیگریز میں مختلف شخصیات کے نام ای سی ایل میں برقرار رکھے ہیں، دہشتگردی، منشیات، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کی جانب سے سفارش کردہ نام بھی نہیں نکالے جا رہے۔

ہاؤسنگ سوسائٹیز اور فراڈ کے ملزمان کے نام بھی لسٹ سے نہیں نکالے جائیں گے ،نیب اور ایف آئی اے کے سفارش کردہ ناموں کو ای سی ایل سے نکالا جا رہا ہے، تمام 4 ہزار 863 ناموں کا جائزہ لے رہے ہیں اور جلد مزید نام بھی ای سی ایل سے نکال دیں گے، ایف آئی اے اور امیگریشن ڈیپارٹمنٹس کو ای سی ایل سے نکالے جانے والے ناموں بارے آگاہ کر دیا گیا۔

مزیدخبریں