(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرصحت قادرپٹیل نے اپنے ایک بیان میں کہا میرے حصے میں انتہائی اہم ذمہ داری آئی ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کا جاری منصوبہ بند نہیں کیا جائےگا۔
پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادرپٹیل کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کی جتنی تشہیرکی گئی اعداد وشمار ویسے نہیں، صحت کارڈ سے متعلق بہت سی شکایات ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ صحت کارڈ کو بند کیا جا رہا ہے. پولی کلینک کے دورے کے دوران کچھ بے ضابطگیاں آئی ہیں۔
عبد القادر پٹیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صحت کارڈ کو صرف منظم کرتی ہے، صحت کارڈ پر ایساکوئی فوری اقدام نہیں کریں گے جس سے علاج معالجہ بند ہوجائے، اعدادو شمار اکٹھےکر رہےہیں تاکہ پتا چلےکہ صحت کارڈکی تشہیراورعوام پرکتنی رقم خرچ ہوئی، یہ بھی دیکھا جارہاہےکہ اتنی رقم سے کتنے عوام کو فائدہ ہوا۔
جان بچانے والی دواؤں کی قیمتوں میں کمی کی کوشش کر رہے ہیں، ہسپتالوں میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز قانون پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے، ایم ٹی آئی قانون پر نظرثانی کرکے وفاقی کابینہ میں وزیراعظم کوپیش کیا جائےگا۔
وفاقی وزیرصحت قادرپٹیل کا مزید کہناتھا کہ پاکستان میں 15ماہ بعد پولیوکیسزرپورٹ ہوئے، شمالی وزیرستان کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی ،وزیراعظم شہبازشریف نے تشویش کا اظہارکرتےہوئے پیرکوقومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیوکا اجلاس طلب کرلیا،انسداد پولیو کے لئےجنگی بنیادوں پر کام کریں گے۔