ویب ڈیسک: 2014 کے دھرنوں سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کو گھر پر بلانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق معاون خصوصی برائے وزیراعظم ڈاکٹر آصف کرمانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ 2014 کے اوائل میں دھرنوں سے بہت پہلے عمران خان نے چودھری نثار علی خان کی وساطت سے وزیر اعظم نواز شریف کو اپنی رہائش گاہ بنی گالہ چائے پر مدعو کیا - ملاقات کے اختتام پر عمران خان نے میری اور دیگر لوگوں کی موجودگی میں نواز شریف سے اپنے گھر تک سڑک بنانے کی فرمائش کی ۔
ڈاکٹر آصف کرمانی نے مزید لکھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے وہاں موجود اپنے ساتھ گئے سٹاف کو فوری کہا کہ سڑک بنا دی جائے - اس کے بعد عمران خان نے دوسری فرمائش کی کہ ان کے پہاڑی پر واقع گھر کے نیچے میدان میں ایک چھوٹی کچی آبادی ہے انہیں یہاں سے ہٹایا جائے۔کیونکہ کچی آبادی کے غریبوں کی چند رہائش گاہیں بنی گالہ پہاڑی سے راول ڈیم کے حسین نظارے میں رکاوٹ تھیں -
سابق وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کی کچی آبادی / غریبوں کی رہائش گاہ ہٹانے والی فرمائش پوری نہیں کی کیونکہ نواز شریف سمجھتے تھے کہ متبادل جگہ دئیے بغیر کچی آبادی کو ھٹانا ظلم ہوگا۔