(جنید ریاض) طلبا تیاری پکڑ لیں، پیک نے سکولوں میں پرائمری اور مڈل جماعت کے لارج سکیل اسسمنٹ ٹیسٹ کیلئے ترمیم شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔
پنجاب بھر کے سکولوں میں لارج سکیل اسسمنٹ کا امتحان رواں ہفتہ میں لیا جانا تھا، اسسمنٹ ٹیسٹ کیلئے انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث ٹیسٹ ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔
اب پنجاب ایگزمینیشن کمیشن (پیک) کی جانب سے سکولوں میں لارج سکیل اسسمنٹ ٹیسٹ کیلئے ترمیم شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کردی گئی ہے، نئی ڈیٹ شیٹ کے مطابق چوتھی، پانچویں اور آٹھویں کی اسسمنٹ 26 اپریل سے کی جائے گی۔ 26 اپریل کو انگریزی، 27 کو اردو اور 28 کو حساب کا ٹیسٹ ہوگا،29 کو سائنس اور 30 اپریل کواردو، انگریزی کا زبانی ٹیسٹ لیا جائے گا، اسسمنٹ کا ٹائم صبح 8 سے دوپہر تین بجے تک رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے کنٹریکٹ میں ایک سال توسیع کیلئے ایجوکیٹرز سے درخواستیں مانگ لیں۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق ایجوکیٹرز کی بغیر پی پی ایس سی امتحان مستقل کرنے کی سمری وزیراعلی کو بھجوا دی گئی ہے، سمری منظور ہوتے ہی تمام ایجوکیٹرز کو مستقل کردیا جائے گا۔