ملک اشرف :نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئےصدر مملکت عارف علوی نے نمائندہ مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کو نمائندہ مقرر کردیا ہے۔چئیرمین سینٹ لاہور آکر نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہبازسے حلف لیں گے۔
خیال رہے کہ گورنر پنجاب نے ہائیکورٹ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کیلئے قانونی پیچیدگیاں سامنے آئیں تھیں، حکومت کی منظوری کے بغیر گورنر کی طرف سے اپیل کیسے دائر ہوسکتی ہے، ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔
علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے ایڈووکیٹ جنرل کو انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے، دوسری طرف قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب فیصلے میں فریق نہیں تھے تو وہ کیسے اپیل دائر کر سکتے ہیں؟ قانونی ماہرین کے مطابق اگر ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کو نوٹس ہی جاری نہیں کیا تو ان کی طرف سے انٹراکورٹ اپیل کیسے دائر ہو سکتی ہے۔
ہائیکورٹ نے گورنر کو کوئی ڈائریکشن بھی جاری نہیں کی تو وہ عدالتی فیصلے کو کس طرح چیلنج کر سکتے ہیں۔ اس وقت صوبہ بغیر حکومت کے چل رہا ہے تو ایڈووکیٹ جنرل کیسے انٹراکورٹ اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل حکومت کی منظوری کے بغیر کیسے انٹراکورٹ اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کے معاملے پر لاء افسران سے مشاورت میں مصروف ہیں ۔