(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خارجہ کے ترجمان کا قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دھمکی آمیز خط کے حوالے سے اسد مجید کی بریفنگ پر بیان سامنے آگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق سفیر نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو سائفر ٹیلی گرام کے مواد پر بریف کیا۔
گزشتہ روز وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں امریکا میں تعینات سابق پاکستانی سفیر اسد مجید نے مبینہ دھمکی آمیز خط پر بریفنگ دی تاہم اب وزارت خارجہ کے ترجمان کا اسد مجید کی بریفنگ پر بیان سامنے آگیا۔
اسد مجید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سابق سفیر نے اپنا پیشہ ورانہ جائزہ پیش کیا اورنیشنل سکیورٹی کمیٹی(این ایس سی) اعلامیہ اسد مجید کی بریفنگ اور جائزے کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم کیا، امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جیلینا پورٹر نے کہاکہ امریکا مسلسل کہہ رہا ہے کہ عمران خان کے الزامات میں قطعی کوئی صداقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں، دوران تحقیقات غیرملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے،سکیورٹی اداروں کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ 27 مارچ کو سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں جلسے کے دوران ایک خط لہرا کر دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی سازش ایک بہت ہی طاقتور ملک کی جانب سے کی گئی۔