(ویب ڈیسک)امریکی شہر نیویارک میں ایک پاکستانی طالبہ پرتیزاب پھینکنے والے کی نشاندہی کرنے والے کیلئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژادطالبہ21 سالہ فاطمہ اکرم پر 17 مارچ کو نامعلوم شخص نے تیزاب پھینکا تھا۔ اس افسوسناک واقعہ کے وقت وہ اپنے والد کیساتھ گھر جا رہی تھی، تیزاب حملے میں میڈیکل کی طالبہ کا چہرہ اور آنکھیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق فاطمہ اکرم کے گردن اور بازو بھی تیزاب سے جل گئے ہیں۔ نیویارک پولیس نے ملزموں کی نشاندہی کرنے والے کیلئے 10ہزارڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ایک پاکستانی طالبہ اپنے گھر کے دروازے میں داخل ہونے والی تھیں کہ ایک نامعلوم شخص باہر سے بھاگتا ہوا آیا اور سیاہ رنگ کا محلول لڑکی پر پھینک کر فرار ہوگیا۔
ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ لڑکی کی بینائی شاید درست نہیں ہو سکے گی۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں اورجلد گرفتار کر لیا جائے گا۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعہ نسلی تعصب کا ہے یا نہیں فی الحال اس سے متعلق کچھ بھی کہنا مشکل اور قبل از وقت ہوگا، ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے۔