حکومت کی نوازشریف کو واپس لانے کی ایک اور کوشش ناکام

23 Apr, 2021 | 08:44 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی نواز شریف کو  واپس لانے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات بھی بے سود رہی،  وزیر داخلہ نے بتایا کہ برطانیہ سے نوازشریف کوڈی پورٹ کرنے کا کہا تاہم برٹش ہائی کمشنر نے مثبت جواب نہیں دیا۔

اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  ملاقات میں مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور  مجرمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے معاہدوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نواز شریف کی پاکستان ممکنہ واپسی پر بھی بات چیت ہوئی، وزیر داخلہ اور برطانوی سفیر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مجرمان کی حوالگی کے معاہدے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں ہیں، معاہدوں پر پیشرفت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو ریڈلسٹ پر ڈالنے سے برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں میں اضطراب پایا جاتا ہے، دیگر ممالک میں کورونا زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنا امتیازی سلوک ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا معاملہ امتیازی نہیں، حالات کے مطابق ہے، پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، پاکستان سے برطانیہ مسافروں میں کورونا کی شرح خطرناک حد تک زیادہ ہے، کورونا کیسز کی شرح زیادہ ہونے کے باعث پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالا گیا۔

 

مزیدخبریں