ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ویڈیو فٹنس ٹیسٹ شروع

23 Apr, 2020 | 09:40 PM

حافظ شہباز علی: قومی ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ویڈیو فٹنس ٹیسٹ شروع ، پہلے روز 15 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے گئے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بعد پی ایچ ایف نے بھی کورونا وائرس کے باعث کھلاڑیوں کے ویڈیو ریکارڈنگ فٹنس ٹیسٹ لینے کا سلسلہ شروع کردیاہے۔

تین روزہ فٹنس ٹیسٹ کے پہلے روز 15کھلاڑیوں کے ویڈیو فٹنس لئے گئے ہیں۔
ٹیسٹ کے پہلے روز علی شان ، ابوبکر طارق ، عماد بٹ ، عمر بھٹہ،اعجاز احمد، اشعر طارق ، احتشام ،رانا وحید ،اظفر یعقوب،غضنفر، اسامہ امجد علی خان اور افراز نے ٹیسٹ دئیے ۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کے مطابق محمد فیضان نے مصر اورمبشر علی نے بیلجئیم سے ٹیسٹ ویڈیوز بھجوائیں ۔
قومی ہائی ٹیم انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق کھلاڑیوں نے مختلف ڈرلز کی ایک ایک منٹ کی ویڈیوز بناکر ہیڈکوچ خواجہ جنید کو بھجوائیں۔تین روز میں 48 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لئے جائیں گے ۔ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو مستقبل کا پلان دیا جائے گا۔

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک ،ایک منٹ کی ویڈیو بناکر بھجوانے کا کہا ہے ہرٹیسٹ کی ویڈیو دیکھ کر کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیں گے, چار کھلاڑی بیرون ملک سے اپنے ویڈیوز بھجوائیں گے ۔

اس سے پہلے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے تمام صوبائی، ضلعی ایسوسی ایشنز اور کلبز کی تمام سرگرمیاں ملتوی کی گئیں، حکام کی طرف سے کہا گیا کہ  کھلاڑیوں کو انفرادی ٹرینگ پلانز بھیج دئیے گئے ہیں اوران کو اپنے گھروں میں انفرادی تربیت جاری رکھنے کی ہدایت کردی گئی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کےقومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے ، کوچز اور ٹرینرز نے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ٹرینرز رپورٹس تیار کرکے شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو بھجوائیں گے ۔لاک ڈاون کے باوجود قومی اور صوبائی سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی مجموعی فٹنس برقرارہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، عمران فرحت،،آصف علی ،احمد صفی عبداللہ،محمد موسیٰ ، اسد رضا، وقاص مقصود، نسیم شاہ ، سعدنسیم اورسمیع اسلم کا فٹنس لیول بہترین ہے۔قومی کھلاڑیوں میں شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سرفرازاحمد ، اظہر علی ، اسد شفیق اور محمد عباس کا فٹنس لیول بہترین قرارپایا ہے ۔ذرائع کے مطابق ماضی میں فٹنس مسائل سے دوچار عماد وسیم ، حسن علی اور محمد عامر کے فٹنس لیول میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

مزیدخبریں