کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پی آئی اے کی نئی حکمت عملی

23 Apr, 2020 | 04:46 PM

Arslan Sheikh

( سعید احمد سعید ) دوران پرواز فضائی میزبانوں اور مسافروں کے کورونا وائرس سامنے آنے کا معاملہ، کورونا سے متعلق پی آئی اے انتظامیہ نے نئے احکامات جاری کردیے۔      

پی آئی اے حکام کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات کے مطابق دوران پرواز فضائی میزبان اور مسافروں کو کورونا کی نشاندہی ہونے پر آئیسولیٹ کیا جائے گا، ایسے کریو کو فوری الگ کردیا جائے اور مسافروں کو دوران پرواز کورونا ہونے پر حفاظتی ڈریس، دستانے، چشمہ پہن کر ڈیل کیا جائے۔

پی آئی اے انتظامیہ کے نئے احکامات کے مطابق کورونا والے مسافر کے لیے علیحدہ واش روم بھی پرواز میں رکھا جائے، کورونا والے مسافر یا کریو کو جہاز کی لینڈنگ کے بعد ہیلتھ اتھارٹیز خود اپنے ساتھ لے جائیں گی۔

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے 24 اور 25 اپریل کو لاہور سے 5خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔ پی آئی اے حکام نے لاہور ائیرپورٹ انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔

پی آئی اے لاہور سے مانچسٹر، ٹورنٹو، میلبورن اور لندن کیلئےپروازیں آپریٹ کرے گی۔24اپریل کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 709 صبح 8بجے کے قریب لاہور سے مانچسٹر جائے گی۔

24اپریل کو ٹورنٹو سے فیری فلائیٹ پی کے 784 دوپہر کو لاہور آئے گی۔جبکہ تیسری پرواز پی کے 8962 شام پانچ بجے میلبورن روانہ ہوگئی۔25اپریل کو پی آئی اے کی فیری فلائیٹ پی کے 710 مانچسٹر سے لاہور آئے گی۔ 25اپریل کو ہی پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 لندن روانہ ہو گی۔

یاد رہے ذرائع کے مطابق 15اپریل کو جدہ سے بذریعہ سعودی ائیرلائن آنے والے 255 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ جن میں سے 47مسافروں کی رپورٹ مثبت آئی، جبکہ 16اپریل کو مسقط سے لاہور آنے والی سلام ائیر کی پرواز سے 15مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے،بذریعہ سلام ائیر مسقط سے آنے والے 176مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق مسافروں کو 48 گھنٹے تک قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، مسافروں کی کورونا رپورٹ مثبت آنے پر آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا۔

مزیدخبریں