(سعود بٹ) سینئر ممبر بابر حیات تارڑ کا بڑا اقدام، بورڈ آف ریونیو پنجاب کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجٹلائزیشن کی دوڑ میں شامل کردیا، ریونیو جوڈیشل کیسز، سرکاری اراضی کا اہم ریکارڈ کی آن لائن فراہمی سمیت محکمہ کی ویب سائٹ بھی فعال ہوگی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے بورڈ آف ریونیو کے جوڈیشل کیسز کی آن لائن ڈیٹا انٹری کا منصوبہ شروع کردیا گیا، منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں ریونیو جوڈیشل کیسز کی 9 ہزار فائلز کو آن لائن کیا جا رہا ہے جن میں انتقال، سیٹلمنٹ، اشتمال، کالونیز، ٹیکسز، کے معاملات شامل ہیں۔
سنیئر ممبر بابر حیات تارڑ کا کہنا تھا کہ زیر سماعت ریونیو کیسز کی ضلعی سطح پر آن لائن اپ ڈیٹ جبکہ مدعیوں کو آئندہ ایم ایس ایس کے ذریعے کیس کی تاریخ بارےآگاہ کیا جائے گا۔
بابر حیات تارڑ نے مزید بتایا کہ بورڈ آف ریونیو کے ذیلی محکموں کو بھی ڈیجٹلائزیشن کے راستے نئی جدت دی جا رہی ہے، بورڈ آف ریونیو کی ویب سائٹ، ای لائبریری، سرکاری اراضی کا ڈیجیٹل ریکارڈ، نقشہ جات بھی منصوبہ کا حصہ ہیں۔
بابر حیات تارڑنے بتایا گیا کہ ڈیجٹلائزیشن کے دوسرے مرحلہ میں تمام کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل کمشنرز کے کیسز بھی آن لائن ریکارڈ بینک کا حصہ ہونگے جن کی بروقت فیصلہ سازی ممکن ہو سکے گی۔
علاوہ ازیں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کھول دیئے، شہر بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کو مخصوص سٹاف کے ساتھ کھولا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہری سنٹرز جانے سے پہلے دیئے گئے ہیلپ لائن نمبر 042111222277 پر بکنگ کروا کر سنٹرز پر جائیں گے، ایک روز قبل کروائی جانیوالی بکنگ پر ہی سنٹرز میں داخل ہونے اور فرد لینے لی سہولت ہو گی، اراضی ریکارڈ سنٹرز کے انچارج کو بکنگ لسٹیں صبح نو بجے دفاتر کے باہر آویزاں کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔