پنجاب حکومت کی یکم مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز

23 Apr, 2020 | 12:30 PM

Sughra Afzal

(ریحان گل) پنجاب حکومت کی یکم مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز، سرکاری دفاترمیں کام کی مشروط اجازت اور ایکسپورٹ سے منسلک مزید صنعتوں کو کام کی اجازت دیئے جانے پر بھی غور، وفاقی حکومت کی حتمی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق   پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر پنجاب میں لاک ڈاؤن میں یکم مئی تک توسیع کی تجویز دے دی ہے، اس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں محدود اوقات کار کیساتھ کام کی مشروط اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے، اجازت دینے کی صورت میں محکمے کے سربراہ کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ ایک جگہ پر 3 سے زائد ملازمین اکٹھے نہ ہونے دیں اور تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ ایکسپورٹ سے منسلک مزید صنعتوں کو بھی کام کی اجازت دی جائے گی لیکن انہیں محکمہ صنعت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

 ذرائع کے مطابق تمام تجاویز وفاقی حکومت کو بھیجی جائیں گی، وفاقی حکومت کی حتمی منظوری اور ہدایات کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے خطرناک وائرس کورونا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے  اب تک 212 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار 513 تک پہنچ گئی،کورونا سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا، پنجاب میں اس وقت کورونا کے 4590 مریض ہیں۔

واضح رہےکہ 15 مارچ کو لاہور میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے24 مارچ کو  لاہور سمیت پنجاب بھر میں  14 روز کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔بعدازاں 6 اپریل کو کورونا  کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے  پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں14 اپریل تک توسیع کردی تھی،15 اپریل کو  دوبارہ  پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کی تھی، جس کی مدت   کل رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں