مال روڈ (علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ شٹر ڈاؤن کر کے کاروبار کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، خلاف ورزی پر انسداد کورونا آرڈیننس کے تحت دکان سیل ہوگی اور چالان ہو گا، رمضان المبارک کے دوران سحری کے وقت دودھ، دہی کی دکانیں اور تندور کھلے رہیں گے، ریسٹورنٹ سحری و افطاری کے دوران بند رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں کورونا کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس کے شرکاء کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، رمضان المبارک کے دوران انڈسٹریل یونٹس کو مرحلہ وار کھولنے کے حوالے سے امور پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی لباس اور ضروری ساز و سامان کی فراہمی کے امور پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں جزوی لاک ڈاؤن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ میں اضافے کیلئے مزید 4 لیب کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور سرگودھا میں نئی لیب بنائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں رحیم یار خان اور گجرات میں نئی لیب بنیں گی۔
انہوں نے کہاکہ لاہور میں ٹی بی کنٹرول پروگرام اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی 2 لیب کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ہسپتال ملتان اور تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال وزیر آباد میں نئی لیب قائم ہو چکی ہیں۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 4500 تک پہنچ چکی ہے، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں مزید 3 نئی لیب اگلے چند روز میں فعال ہوجائیں گی۔ پنجاب میں اب تک 64ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 2247 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران نماز پنجگانہ اور نماز تراویح کی ادائیگی کےلئے 20 نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی انڈسٹریز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، پنجاب میں اب تک 216 علاقوں کا لاک ڈاون کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لئے آرڈیننس جاری کیا، ادویات، آٹا، چینی، دالیں، چائے، خوردنی تیل، مچھلی، انڈے، دودھ، گوشت، فیس ماسک، سینی ٹائزر،سرجیکل ماسک، کھاد بنانے کا کیمیکل، زرعی ادویات، آلو، پیاز سمیت 41 اشیاءضروریہ ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔