فیروزپور روڈ (زین مدنی )معروف گلوکار ہارون رشید نے مرحوم جنید جمشید کی یاد میں جنید جمشید اور علی عظمت کے ہمراہ اپنی ماضی کی تصویر شیئر کردی۔
گزشتہ روز گلوکار ہارون رشید نے مرحوم جنید جمشید کو یاد کرتے ہوئے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے ہمراہ مرحوم جنید جمشید اور گلوکار علی عظمت ہیں۔ ہارون رشید نے اپنی اِس پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ اِس تصویر میں پاکستانی موسیقی کی دنیا کے ماضی کے تین مشہور بینڈ آواز، جنون اور وائٹل سائن موجود ہیں اور یہ تینوں گلوکار اِن تمام بینڈز کے بانی ہیں۔
گلوکار نے لکھا کہ یہ بات بہت ہی کم لوگ جانتے ہوں گے کہ علی عظمت اور مرحوم جنید جمشید دونوں بہت ہی اچھے دوست تھے۔ انہوں نے لکھا کہ میں علی عظمت کو ان کے کیریئر کے شروعات کے دِنوں سے جانتا ہوں اور ماضی میں کچھ دن تک تو ہم دونوں کراچی کے ایک ہی فلیٹ کے ساتھی بھی تھے اور پھر ہم نے ایک ساتھ مل کر بابا بندوق گانا بھی گایا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ مرحوم جنید جمشید اور میں نے ماضی میں دوران سفر آپس میں گھنٹوں باتیں کی ہیں جس سے ہماری دوستی اور بھی زیادہ مضبوط ہوئی تھی۔ ہارون رشید نے لکھا کہ مرحوم جنید جمشید موسیقی چھوڑنے کے بعد بھی مجھ سے ملنے کے لیے میرے اسٹوڈیو آیا کرتے تھے، انہوں نے طیارہ حادثہ سے قبل میرے لیے مکہ سے ایک خوبصورت پیغام بھی بھیجا تھا اور میرے لیے دعا بھی کی تھی۔
گلوکار نے لکھا کہ ہمارے کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں آواز کے لیے مرحوم جنید جمشید، روحیل اور شاہی حسن نے ایک اہم کردار ادا کیا تھا جس کے لیے میں ہمیشہ ان کو مشکور رہوں گا۔