شاہد ندیم: لیسکو میں بجلی چوری کی بڑھتی ہوئی شرح پرقابو نہ پایا جا سکا، گزشتہ کی نسبت رواں سال ماہ مارچ میں کمپنی کو بجلی چوری کی مد میں 1 ارب 49 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، اعشاریہ 6 فیصد لائن لاسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو کو گزشتہ سال کی نسبت ماہ مارچ میں 1 ارب 49 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔مختلف علاقوں میں بجلی چوری کی بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ سے لیسکو کو خسارہ برداشت کرنا پڑا۔دستاویزات کے مطابق ماہ مارچ 2017میں لائن لاسز 10 اعشاریہ نو فیصد ریکارڈ کئے گئے۔
علاوہ ازیں رواں سال مارچ میں لائن لاسز بڑھ کر 11 اعشاریہ5 فیصد ہو گئے۔ اس طرح اعشاریہ 6فیصد پروگریسو لائن لاسز میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔ بجلی چوری کی مد میں 9 کروڑ 95لاکھ یونٹس سسٹم سے غائب ہوئے اور1 ارب 49 کروڑ روپےچوری کی مد میں نقصان ہوا۔
ذرائع نےبتایا کہ کمپنی کا بوسیدہ سسٹم بھی لائن لاسز بڑھنے کا اہم سبب ہے۔ واضح رہے کہ ایک طرف لیسکو بجلی چوری کیخلاف گرینڈ آپریشن کرنے میں مصروف ہے تو دوسری جانب لائن لاسز پر قابو تک نہیں پایا جا سکا۔