ناصر علی: قومی کرکٹ ٹیم دورہ آئرلینڈ اوربرطانیہ کیلئے روانہ، قومی ٹیم کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی سےسخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ لے جایا گیا، محمد عامر ویزہ مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہ جاسکے۔
سٹی42 کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم دورہ آئرلینڈ اوربرطانیہ کیلئے غیر ملکی پرواز ای کے 623 کے ذریعے براستہ دبئی آئرلینڈ روانہ ہوگئی۔ برطانیہ روانہ ہونے والے سکواڈ میں 15 کھلاڑی اور11آفیشلز شامل ہیں۔ قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں۔
کھلاڑیوں میں اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم اوپنر کے طور پر شامل ہیں۔ حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔اسامہ صلاح الدین، شاداب خان، حسن علی، راحت علی،فہیم اشرف شامل ہیں ۔ فاسٹ باؤلر محمد عامر ویزہ مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ روانہ نہیں ہو سکے۔ فاسٹ باؤلر محمد عباس پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں جو آئرلینڈ جاکر ٹیم کو جوائن کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کی تقریب میں باراتیوں کی لڑائی
طلعت علی مینجر اور مکی آرتھر چیف کوچ بھی ٹیم کے ساتھ جا رہے ہیں۔ اظہر محمود باؤلنگ کوچ،سٹیفن رکسن فیلڈنگ کوچ،گرانٹ فلاور بیٹگ کوچ،گرانٹ لوڈن ٹریننگ کوچ کے طور پر ٹیم کا حصہ ہیں۔ قومی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف ایک جبکہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ گیارہ مئی کو ہوگا۔ٹیسٹ سٹیٹس ملنے کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم کرکٹ تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ چوبیس مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔
دورے کے آخر میں پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے مابین بارہ اور تیرہ جون کو دو ٹی ٹونٹی میچز بھی ہوں گے۔