(راؤ دلشاد) ٹماٹر اورپیاز سمیت سبزیوں کی کاشت بڑھانے کیلئے کو آپریٹو فارمنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
5سے10کاشتکار پر مشتمل ویجیٹبل فارمر گروپ کو بیج،کھاد،ڈرپ اریگیشن اورسولرائزیشن پر سبسڈی ملے گی۔ پنجاب میں دوہزار ایکڑ پر بے موسمی پیاز اور ٹماٹر کی کاشت کا پراجیکٹ لانچ کیاجائے گا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ”ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگری کلچر“کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سرکاری اراضی پر گندم کی بوائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
آف سیزن کاشت سے پنجاب میں 6ماہ پیاز اورٹماٹر مقامی طورپردستیاب ہونے سے مصنوعی مہنگائی نہیں ہوگی،کہروڑپکا،رحیم یار خان،وہاڑی اورراجن پور میں پیاز،خوشاب،چکوال،پنڈی اورجہلم میں آف سیزن ٹماٹرکی کاشت کا پلان بنایا گیا ہے۔
اس ضمن میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے پنجاب بھر میں ایگری کلچر مشینری رینٹل سروسزشروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ٹریکٹر،ہارویسٹر سمیت دیگر جدید ترین زرعی مشینری کاشتکار کو نوپرافٹ،نو لاس کی بنیاد پر کرائے پر میسر ہوگا۔67سے زائد مقامات اورزرعی مشینری کے انتخاب کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری،وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری فنانس،سیکرٹری انرجی اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔