(ویب ڈیسک) ایران میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے، دھماکے کے وقت کان میں درجنوں افراد موجود تھے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے خراسان میں دارالحکومت تہران سے تقریباً 540 کلومیٹر جنوب مشرق میں طبس شہر کے قریب کوئلے کی کان میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔
سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ حادثہ مدانجو کمپنی کے زیر انتظام کان کے 2 بلاکس میں میتھین گیس کے پھٹنے سے پیش آیا، دھماکے کے وقت بلاکس میں 69 کارکن موجود تھے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے ہیں، اور 24 افراد تاحال لاپتہ ہیں ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں ہنگامی اور ریسکیو عملے کو بھیجا دیا گیا ۔ حکام نے اموات کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔