(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم 23 سے27 ستمبر نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن میں شرکت کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں پاکستان کی کثیرالجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے، عالمی امن، سلامتی اور فلاح و بہبود میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں ناانصافیاں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عالمی برادری سے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی اپیل کریں گے، وہ جنرل اسمبلی سیشن کے ضمن میں کئی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ’سمندر کی سطح میں اضافے کے خطرے پر اجلاس‘ بھی شامل ہے، وزیر اعظم عالمی رہنماؤں کے ساتھ پائیدار ترقی کے ایجنڈے کی معاونت کے اقدامات پر بات کریں گے۔