(وقاص احمد) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے تحریری امتحان آج منعقد ہو رہا ہے۔
پنجاب کے 12 شہروں میں قائم کردہ 26 امتحانی مراکز میں ہزاروں امیدوار امتحان میں شریک ہونگے۔ پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات اور رحیم یار خان میں امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں امتحان ختم ہونے تک موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے لئے بنائے گئے 8 امتحانی مراکز میں ساڑھے 16 ہزار سے زائد امیدوار امتحان دے رہے ہیں، امتحانی مراکز کے باہر پولیس کی نفری تعینات ہے جبکہ پارکنگ اور ٹریفک انتظامات کیلئے 300 سے زائد وارڈنز بھی تعینات ہیں،کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق صوبائی دارلحکومت سمیت پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز کو خصوصی ایمرجنسی کور فراہم کررہا ہے، امتحانی مراکز کے قریب خصوصی کی پوائنٹ (key point) بنائیں گئے ہیں، دوران پیپر قریبی ریسکیو سٹیشن ہائی الرٹ رہیں گے۔ والدین اور گارڈین، رش کی صورت میں بھگدڑ سے بچنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کریں، ایمرجنسی کیصورت میں فوری 1122 ڈائل کریں یا قریبی ریسکیو پوائنٹ سے رابطہ کریں۔
صدر پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحانی عمل کے دوران دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے، امیدوار غیر اخلاقی رویے سے گریز کریں، نقل پر سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے 82 ہزار 500 طلبہ رجسٹرڈ ہیں، سندھ میں 38 ہزار 678 طلبہ، کے پی کے میں 42 ہزار 329 طلبہ، بلوچستان میں 5 ہزار 806، اسلام آباد میں 18 ہزار 408، آزاد کشمیر میں 3 ہزار145، گلگت بلتستان میں 739 طلبہ نے ایم ڈی کیٹ کے لیے اندراج کرایا، اسی طرح ایم ڈی کیٹ امتحان میں 259 بین الاقوامی طلبہ بھی حصہ لیں گے۔