راؤ دلشاد : مسلم لیگ(ن) وکلاء ونگ کا پارٹی قائد میاں نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاس ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ اجلاس میں سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کےلئے بے تاب ہیں۔ نوازشریف کے استقبال میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہونگے۔ پاکستان کے وکلاء نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔ وکلاء برادری نے ہر موقع پر نوازشریف کا ساتھ دیا۔ سینکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں، کوٹ لکھپت ہو یا اڈیالہ جیل کی قید ہر جگہ وکلاء نوازشریف کے ساتھ کھڑے رہے۔
اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہا ہے، وکلاء تحریک اس کا واضح ثبوت ہے نواز شریف جب باہر نکلتا ہے تو عوام ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ پاکستان کی جمہوریت پسند وکلا برادری نے ہمیشہ نواز شریف کو ہی سپورٹ کیا ہے۔ یہ جو کالا کوٹ ہے میاں تیرا ووٹ ہے نعرہ اٹل حقیقت ہے۔
اجلاس میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قائد نوازشریف کے کے تاریخی استقبال کےلیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، 21 اکتوبر پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ جمہوریت کی بحالی اور سویلین بالا دستی وکلاء کی جدوجہد اہمیت کی حامل ہے۔ نواز شریف واپس آئیں پاکستان کی وکلاء برادری ان کے استقبال کے لیے فرنٹ لائن میں کھڑی ہوگی۔ نواز شریف کا بیانیہ واضح اور دو ٹوک ہے۔ جمہوریت کی کامیابی،آئین کی بالادستی اور اداروں کا استحکام ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔
اجلاس سے عطا اللہ تارڑ نے بھی خطاب کیا اور وکلا کی قربانیوں اور آئین اور جمہوریت کی خاطر ہونے والی تحریکوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں نصیر بھٹہ،عطا اللہ تارڑ،محسن رانجھا، انوشہ رحمان،عظمی بخاری،رانا ارشد نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں رانا ظفر اقبال صدر لائرز ونگ،عنصر بلوچ جنرل سیکرٹری، خاور اکرام بھٹی،رفاقت ڈوگر،صفدر جٹ،ملک شہباز نٹھر، امتیاز الہی، ناصر چوہان، ملک ذیشان اعوان اور پنجاب بھر سے آئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔