کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش کی بڑھتی دہشت گردی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، انوار الحق کاکڑ

22 Sep, 2023 | 05:16 PM

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش کی بڑھتی دہشت گردی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، افغانستان میں استحکام نہ آیا تو عالمی امن کیلئے چیلنج بن جائے گا،ہم افغانستان میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق نیویارک میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کونسل آف فارن ریلیشنز کے سوال وجواب سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب حکومت کے آنے تک نگران حکومت آئینی حیثیت رکھتی ہے اور نگران حکومت آزادانہ و غیرجانبدارانہ انتخابات کرانے کا مینڈیٹ رکھتی ہے، انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن تاریخ اورشیڈول کااعلان کرتا ہے اور الیکشن کمیشن کےمطابق آئندہ عام انتخابات جنوری میں ہوں گے، مستحکم اورجمہوری پاکستان ہماری ترجیح ہے،افغانستان سے متعلق انھوں نے کہا کہ موجودہ افغان حکومت کیساتھ بعض معاملات پرتعاون کی فضاموجودہے، کالعدم ٹی ٹی پی وداعش کی بڑھتی دہشت گردی عالمی امن کیلئےخطرہ ہے۔

 نگران وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان میں یومیہ بنیاد پر ہمارے بہادر فوجی اور عوام دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، افغانستان میں استحکام نہ آیا تو ہمسایہ ملکوں سمیت عالمی امن کیلئے بھی چیلنج بن جائے گا۔

 پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جو پھلتے پھولتے رہیں گے، امریکا اور پاکستان کے مشترکہ اقدار ہیں اور دونوں ممالک کے طویل مدتی تعلقات 76 برس پرمحیط ہیں، امریکا کیساتھ وسیع البنیاد،دیرپاتعلقات میں گرمجوشی دیکھنےمیں آرہی ہے، یقینی بنائیں گے کہ ہماری حکومت میں تمام پاکستانیوں کی نمائندگی ہو۔

مزیدخبریں