ویب ڈیسک: پیپلزپارٹی نے معروف قانون دان اور سیاسی رہنما سردارلطیف کھوسہ کی رکنیت معطل کردی ہے۔ سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے لطیف کھوسہ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت معطل کی۔
سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے ایک ہفتہ قبل سردار لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، تاہم انہوں نے مدت پوری ہونے کے باوجود شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا، جس پر ان کی رکنیت معطل کی گئی۔ شوکاز نوٹس نیئربخاری کی طرف سے جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا کہ لطیف کھوسہ پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی کے ممبر ہیں، لیکن وہ پارٹی کی سینیئر قیادت سے اجازت کے بغیر دوسری جماعت کا دفاع کررہے ہیں۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ لطیف کھوسہ بغیر اطلاع دوسری جماعت کے سربراہ کے کیسز میں دفاع کر رہے ہیں، اور کرپشن کیسز میں سزا پانے والے ملزم کے کیسز میں معاونت کر رہے ہیں۔ جب کہ انہوں نے وکلا کنونشن سے خطاب میں سائفر کے حوالے سے ریاست پر تنقید کی۔ شوکازنوٹس میں لطیف کھوسہ سے 7 روزمیں جواب طلب کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا تھا کہ جواب نہ دینے پر ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کردی جائے گی۔