قذافی بٹ : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مایوس عناصر کی آل پارٹیز کانفرنس بھی مایوس کن رہی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی جس میں گندم، آٹے کے اسٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے علیم خان کو آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
ملاقات کے دوران سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے، مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہداء امن کے پیامبرہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ، پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے کے بعد امن نصیب ہوا ہے ، شدت پسند اور انتہا پسند عناصر امن کیلئے مسلسل خطرہ ہیں ، بھارت کا انتہا پسند انہ رویہ خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار نے غیر قانونی اقدام کرکے امن کی تمام کوششوں کوسبوتاژ کیا ہے ، مقبوضہ کشمیر،فلسطین اوردیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں، غربت،ناانصافی، جہالت، محرومی، جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔