سٹی42: قومی اسمبلی کے سپیکر اور چیف جسٹس کے انتخاب کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چار ارکان پی ٹی آئی کے تین ارکان کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے آمادہ کرنے میں ناکام ہو گئے۔ پی ٹی آئی کے بات چیت سے انکار کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طے شدہ وقت پر شب ساڑھے آٹھ بجے پی ٹی آئی کے ارکان کے بغیر شروع ہو گا۔
سپیکر چیمبر میں قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر کو کمیٹی کے چار ارکان سے ملاقات کیلئے اپنے چیمبر میں آنے کی درخواست کی، پی ٹی آئی کے چئیرمین گوہر نے پہلے یہ درخواست مسترد کر دی اور کمیٹی کے چار ارکان سے بات کرنے سے انکار کر دیا تاہم بعد میں وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ سپیکر چیمبر میں آئے اور چیف جسٹس کے انتخاب کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان سے بات چیت کی۔
اس کے بعد حکومتی ذرائع اور پی ٹی آئی کے ذرائع دونوں نے بتایا کہ اس بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ کمیٹی کے ارکان کے سنی اتحاد کونسل سے مذاکرات ناکام ہوگئے اور سنی اتحاد کونسل نے پارلیمانی کمیٹی برائے چیف جسٹس تقرری میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ۔
4 رکنی کمیٹی نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مشاورت کے لیےکمیٹی میں آنےکی درخواست کی تاہم بیرسٹرگوہر نےکمیٹی اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی۔ بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی کمیٹی کا فیصلہ ہےکہ پارلیمانی کمیٹی میں شریک نہ ہوں۔
بعد ازاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اعلامیہ جاری کردیا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے ممبران نے آج کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ کمیٹی نے احسن اقبال، رعنا انصار، راجہ پرویزاشرف اور کامران مرتضیٰ پرمشتمل وفد بھیجا تھا۔اس وفد کو سنی اتحاد کونسل ممبران سے ملاقات کرکے انہیں اجلاس میں شرکت کے لیے قائل کرنےکو کہا گیا تھا، وفدنے اسپیکر ایاز صادق سے میٹنگ کی درخواست کی، اسپیکر ایازصادق کے چیمبر میں ذیلی کمیٹی اور سنی اتحاد کونسل کے ممبران کی ملاقات ہوئی۔ اسپیکر کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں وفد کے ارکان اور بیرسٹرگوہر نے شرکت کی۔بیرسٹرگوہرنے بتایا کہ ان کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہےکہ وہ کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے۔
اب چیف جسٹس کے انتخاب کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس شب ساڑھے آٹھ بجے دوبارہ شروع ہو گا۔ اجلاس میں شام ساڑھے پانچ بجے یہ کہتے ہوئے وقفہ کر دیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے جو تین ارکان کل ہی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بنے تھے انہیں کسی وجہ اور جواز کے بغیر اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے۔ پارلیمانی کمیٹی کے نو ارکان نے چار ارکان کو نامزد کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے ارکان سے ملاقات کر کے انہیں کمیٹی کے اجلاس میں لائیں۔
کمیٹی کے چار ارکان نے سپیکر ایاز صادق سے پی تی آئی کے ارکان سے ملاقات کروانے کی درخواست کی، سپیکر نے پیغام بھیجا لیکن بیرسٹر گوہر نے ملاقات سے ہی انکار کر دیا۔