انسٹا گرام کا مقبول ترین فیچر اب واٹس ایپ کا حصہ بھی بن گیا

22 Oct, 2024 | 06:42 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: میٹا فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی ہے اور وہ ہر وقت ان ایپس کو زیادہ بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہتی ہے۔

اب اس کی جانب سے انسٹا گرام کے ایک بہت زیادہ مقبول فیچر کو واٹس ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ صارفین اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ میوزک کو شیئر کر سکیں گے۔

WabetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے واٹس ایپ اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے لیے میوزک شیئرنگ کے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔اس طرح کا فیچر انسٹا گرام کے صارفین کو کافی عرصے سے دستیاب ہے اور اسے اکثر اسٹوریز میں استعمال کیا جاتا ہے۔

اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں یہ فیچر دیکھنے میں آیا ہے اور امکان ہے کہ بہت جلد یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹس مٰں میوزک کو ایڈ کرسکیں گے تاکہ ان کے پیغامات زیادہ بہتر ہو جائیں۔اس فیچر کے لیے ایک نیا میوزک بٹن اسٹیٹس اسکرین شیئرنگ اسکرین پر نظر آئے گا۔

اس بٹن کو کلک کرنے کے بعد صارفین اپنے پسندیدہ گانوں یا گلوکاروں کو سرچ کرسکیں گے۔جب وہ اپنا پسندیدہ گانا تلاش کرلیں گے تو وہ اسے اسٹیٹس میں ایڈ کرسکیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کی جانب سے اس فیچر کے لیے انسٹا گرام کی میوزک لائبریری کو استعمال کیا جائے گا اور صارفین کو بہت زیادہ گانے دستیاب ہوں گے۔

مزیدخبریں