نئے چیف جسٹس کی سیلیکشن؛ عوام کے نمائندے بند کمرے میں سر جوڑ کر بیٹھ گئے

22 Oct, 2024 | 05:33 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کے منتخب کئے ہوئے نمائندے بیٹھ کر ملک کے چیف جسٹس کا انتخاب کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس کی سیلیکشن کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ  کی عمارت میں شروع ہو چکا ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پارلیمانی کمیٹی آج ہی نئے چیف جسٹس کی سیلیکشن کر لے گی۔

26 ویں آئینی ترمیم کے انیکٹ ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے سیاسی پارٹیوں کی عددی قوت کے تناسب سے ان کے نامزد کئے ہوئے نمائندوں پر مشتمل خصوصی پارلیمانی کمیٹی کل تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی کے ذمہ چیف جسٹس آف پاکستان کے بھیجے ہوئے تین سینئیر موسٹ ارکان  میں سے ایک کا میرٹ پر انتخاب کرے گی۔

پارلیمانی کمیٹی کے دو تہائی ارکان جس جج کو  پسند کریں گے اسے پاکستان کا چیف جسٹس بنانے کے لئے نام وزیر اعظم کو بھیج دیا جائے گا۔ وزیر اعظم اس معزز جج کو چیف جسٹس آف پاکستان بنانے کے لئے ایڈوائس صدر مملکت کو بھیجیں گے اور صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر  نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے تین سال کیلئے تقرر کا  حکم جاری کریں گے۔  صدر مملکت کے حکم کو گزٹ آف پاکستان مین نوٹیفائی کئے جانے پر نئے چیف جسٹس موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریٹائر ہونے پر ان کی نشست سنبھال لیں گے۔

سنی اتحاد کونسل کے دو ارکان  اور پی ٹی آئی کے ایک سینیٹرنے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کےاجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے تاہم ان کے 3  ارکان  علی ظفر، بیرسٹر گوہر  اور حامد رضا کی نشستیں کمیٹی روم نمبر پانچ میں لگائی گئی ہیں جہاں پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس ہو رہا ہے۔ ں۔

 اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون، جمعیت علما اسلام اور ایم کیو ایم کے 9ارکان  راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک،سید نوید قمر،کامران مرتضیٰ، رعناانصار، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف موجود شریک ہیں۔

کمیٹی کے  دو تہائی ارکان یعنی کم از کم آٹھ ارکان جسے نامزد کریں گے وہ معزز جج پاکستان کا نیا چیف جسٹس بنے گا۔ 

 سپریم کورٹ کے  چیف جسٹس  قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تین نام  وفاقی وزیر قانون کو  بھجوائے گئے ہیں جن میں  جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔  وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قاعدہ کے مطابق یہ تین نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیئے ہیں جو اب اجلاس کر کے ان پر غور کر رہی ہے۔ 

26 ویں آئینی ترمیم کے تحت نئے چیف جسٹس کیا تقرر موجودہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے تین دن پہلے  ہوگا۔

مزیدخبریں