ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے دورے پر آئے برطانیہ کے بادشاہ چارلس پر آسٹریلین خاتون سینیٹر برس پڑیں۔
آسٹریلیا کی آزاد سینیٹر لِڈیا تھورپ نے آسٹریلیا کے دورے پر آئے ہوئے برطانیہ کے شاہ چارلس سوم پر قدیم آسٹریلوی باشندوں کی نسل کشی کا الزام عائدکرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم ہمارے بادشاہ نہیں، تم نے آسٹریلیا کے اصلی باشندوں کی نسل کشی کی۔
رپورٹس کے مطابق خاتون سینیٹر لیڈیا تھورپ نے دارالحکومت کینبرا میں تقریباً ایک منٹ تک چیخ چیخ کر تقریب میں خلل ڈالا، اس موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے سینیٹر تھورپ کو بادشاہ کے قریب جانے سے روکا اور وہاں سے باہر لے گئے۔
یہ واقعہ کینبرا میں شاہ چارلس کے اعزاز میں ہونے والی پارلیمانی تقریب کے دوران پیش آیا۔لِڈیا تھورپ جو قدیم ایبریجینل و انگلش مکس نسل سے تعلق رکھتی ہیں نے چیخ کر لوگوں سے کہا کہ وہ برطانوی بادشاہ کی حاکمیت کو تسلیم نہ کریں، اُنہوں نے کہا کہ ہماری زمینیں واپس کرو، جو ہم سے چوری کیا ہے وہ واپس کرو۔
یاد رہے کہ لڈیا تھورپ آسٹریلیا کے قدیم باشندوں کے حقوق کےلیے سرگرم ہیں اور شاہ چارلس سوم کے دورہِ آسٹریلیا کے خلاف احتجاج کرنے والوں میں شامل رہی ہیں۔