سعودی ڈائیور جوڑے کی سمندر میں زیرِ آب شادی

22 Oct, 2024 | 12:00 PM

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں پہلی بار بحیرہ احمر کی گہرائی میں  سعود ی جوڑا حسن ابو اولا اور یاسمین دفتردار  شادی کے بندھن میں بندھ گیا.

بیشتر افراد کا خواب ہوتا ہے کہ ان کی شادی بہت خوبصورت مقام پر ہو اور ان کے جسم پر شاندار لباس ہو اورموجودہ عہد کے جوڑے زندگی کے اس یادگار دن کے لیے شادی کے روایتی انداز سے ہٹ کر سوچتے ہیں۔ ایسے ہی  ایک سعود ی جوڑا حسن ابو اولا اور یاسمین دفتردار کی شادی کی  تقریب بحیرۂ احمر میں مرجان کی چٹانوں سے بھرے دلکش نظارے میں ہوئی۔

حسن ابو اولا نے میڈیا کو سمندر میں شادی کی تقریب کے انعقاد کرنے کے تجربے کے بارے میں بتایا کہ الحمد للّٰہ کوئی چیلنج نہیں تھا، شادی خوش اسلوبی سے ہوئی اور ہر کوئی غیر روایتی اور شاندار شادی کی تقریب دیکھ کر حیران تھا۔

دولہا نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کی تقریب میرے اور اہلیہ کے لیے بھی سرپرائز تھی,  یہ ایک خوبصورت اور ناقابل فراموش تجربہ تھا'۔

اس شادی کی تقریب میں کیپٹن فیصل فلیمبن کی قیادت میں حسن ابو اولا اور یاسمین دفتردار کے ساتھی ڈائیورز اور مقامی ڈائیونگ گروپ ’سعودی ڈائیورز‘ نے شرکت کی۔ اس گروپ نے شادی کی تقریب کے لیے ضروری ملبوسات اور دیگر معاونت فراہم کی۔ شادی کرنے والا جوڑا بھی غوطہ خوری میں مہارت رکھتا ہے اور اسی لیے انہوں نے غیرمعمولی جگہ پر اس دن کو زیادہ یادگار بنایا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ حسن ابو اولا اور یاسمین دفتردار دونوں لائسنس یافتہ ڈائیورز ہیں اور انہیں پانی کے اندر شادی کی تقریب کا انعقاد کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

مزیدخبریں