عمران خان کی رہائی کیلئے برطانوی ارب پتی میدان میں آگئے

22 Oct, 2024 | 11:21 AM

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کیلئے برطانوی ارب پتی رچرڈ برنسن میدان میں آگئے

ورجن اٹلانٹک ایئرلائنز سمیت کئی بڑی کمپنیوں کے مالک رچرڈ برنسن نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر عمران خان کے ہمراہ کھینچی گئی ایک پرانی تصویر شیئر کی۔اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'یہ کرکٹ کے بارے میں نہیں ہے، پاکستانی حکام کیجانب سے عمران خان کو فوری رہا کیا جانا چاہیے، ان کی بلاجواز گرفتاری سے پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پر سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں'۔

انہوں نے تصویر کے ساتھ 'ٹائم' میگزین کا ایک آرٹیکل بھی شیئر کیا جس میں اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی صحت، سہولیات کی عدم فراہمی اور اس سے متعلق ان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کے خدشات کا تذکرہ تھا۔

یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے گزشتہ برس 9 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اُنہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعدازاں 5 اگست 2023 کو اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے اُنہیں توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سنا دی تھی.

مزیدخبریں