ویب ڈیسک: مصر کے جنوب مغربی علاقے الفیوم میں ایک دلہن رخصت ہو کر سسرال پہنچتے ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔
شادی کسی بھی انسان کی نئی زندگی کی شروعات ہوتی ہیں لیکن مصر میں شادی کا گھر اس وقت ماتم کدہ بن گیا جب ایک دلہن رخصت ہو کر سسرال پہنچتے ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مصر کے جنوب مغربی علاقے الفیوم میں پیش آیا جہاں شادی کے بعد دلہن کو اس کے رشتے داروں نے نیک خواہشات اور خوشی کے آنسوؤں کے ساتھ دلہا کے ہمراہ رخصت کیا لیکن وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ وہ دلہن کو اپنے گھر سے نہیں بلکہ دنیا سے رخصت کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دلہن رخصت ہوکر جیسے ہی اپنے سسرال پہنچی اور شوہر کے ہمراہ گھر میں داخل ہوئی تو اس کے سینے میں اچانک شدید درد اٹھا اور وہ بغیر کچھ بولے زمین پر گر گئی۔ دلہن کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کرنے کے بعد لڑکی کی موت کی تصدیق کر دی۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دلہن کی موت دل کے دورے کی وجہ سے ہوئی اور یہ دورہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا۔