پی ٹی آئی کا خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ

22 Oct, 2024 | 08:54 AM

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے رات گئے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‏تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس میں ججز کی تقرری کیلئے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کیخلاف کارروائی کی بھی منظوری دیتے ہوئے ووٹ دینے والے اراکین کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے اور تادیبی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔

 پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے اراکین پارلیمان سے حکومتی حلقوں سے روابط قائم کرنے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا اور ان اراکین کے جوابات کی روشنی میں ان کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔

مزیدخبریں