(ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر بھی فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف بول اٹھیں۔
انسٹاگرام پر س اداکارہ نے اپنی نوزائیدہ بیٹی رابعہ کو گود میں اٹھائے ایک تصویر شیئر کی ہے، اداکارہ نے طویل کیپشن لکھا جس میں انہوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر ان کی بیٹی کی پیدائش غزہ میں ہوئی ہوتی تو وہ کیسے اپنی بچی کو محفوظ رکھ سکتی تھیں؟سوارا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا 'کوئی بھی نئی ماں جانتی ہو گی کہ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کو سکون اور خوشی کے احساس کے ساتھ گھورتے ہوئے گھنٹوں گزار سکتی ہے جیسے اسے احساس ہو کہ اس جیسا احساس دنیا کی کسی اور چیز میں نہیں ہے'۔
سوارا بھاسکر نے کہا 'میں مختلف نہیں ہوں اور مجھے یقین ہے کہ مجھ سمیت دنیا بھر کی مائیں جب اپنے بچوں کو دیکھتی ہوں گی تو ان کے ذہنوں میں حالیہ رونما ہونے والے واقعات آتے ہوں گے جنہیں نظر انداز کرنا ناممکن ہے'۔
بھارتی اداکارہ نے غزہ کے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘خدا میری دعا سن لے اور غزہ کے بچوں کو مزید درد اور موت سے بچا کیونکہ دنیا ان کی حفاظت نہیں کرے گی’۔
خیال رہے کہ حماس کے الاقصی فلڈ آپریشن کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے غزہ سمیت فلسطین کے دیگر علاقوں پر جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے