علی حمزہ: حیدرآباد میں پانچ روز قبل تھانہ مارکیٹ کی حدود میں گھر سے 80 سالہ بزرگ کی لاش ملنے کا معمہ حل ہو گیا۔
پوتے نے پیسوں کیلئے دادا کو قتل کردیا۔عمر رسیدہ متمول شخص کو پیسوں کے لالچ میں اسکے پوتے نے ہی قتل کیا۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا اور لوٹا گیا سونا بھی برآمد کر لیا۔
حیدرآباد پولیس کے ڈی ایس پی مارکیٹ سراج لاشاری نے سخی پیر تھانے میں پریس کانفرنس کر کے بتایا کہ 5 روز قبل 80 سالہ بزرگ حنیف کھتری کی لاش گھر سے ملی تھی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے گلی میں لگے سی سی ٹی وی کی مدد سے بزرگ شخص کے پوتے کاشف کو گرفتار کیا، کاشف قتل والے روز دو گھنٹے سے زائد گھر پر موجود رہا۔
تفتیش کے دوران ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم سے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔ ملزم سے قتل کے دوران لوٹے گئے سونے کے 3 بٹن اور ساڑھے تین لاکھ بھی برآمد کرلیے ہیں۔ ملزم نے پیسوں کی لالچ میں اپنے دادا کو قتل کیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ نشےکا عادی ہے اور اس نے پیسوں کے لیے دادا کو قتل کیا۔