ویب ڈیسک: کالعدم مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل متعدد کارکنان کی گرفتاریوں کی اطلاع ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد کی اہم شاہراہیں بند کر رکھی ہیں۔ دوسری طرف پی ڈی ایم نے بھی آج نماز جمعہ کے بعد مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کررکھا ہے۔
ملتان روڈ پر تحریکِ لبیک کے صدر دفتر مسجد رحمت العالمین کے باہر اور قریبی علاقوں میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں کنٹینر پہنچا دیے گئے ہیں۔ ترجمان تحریک لبیک کے مطابق ان کی جماعت اور کارکن بعد از نماز جمعہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کریں گے۔
دوسری طرف راولپنڈی میں فیض آباد چوک اور راولپنڈی سٹیڈیم روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کو بھی متعدد جگہوں سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔
موٹروے ایم ٹو پر لاہور کے قریب بابو صابو انٹرچینج کو بند رکھا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی راستوں اور مرکزی شاہراہوں کو جزوی یا مکمل طور پر بند کرنے کے لیے کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔