ویب ڈیسک : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا جبکہ بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی وبارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں آج شام یا رات کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہنےکاامکان ہے،چند مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں جمعے سے اتوار کے دوران بارش اور آندھی کی پیش گوئی ہے، وسطی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی ہوگی۔ آندھی اور بارش سے فصلوں کی کٹائی والے علاقے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
موسم کے حوالے سے محکمہ نے یہ بھی بتایا کہ چترال، دیر، سوات اور مالاکنڈ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ کوہستان، مانسہرہ، مردان، پشاور اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کوہاٹ، میانوالی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ قصور، شیخو پورہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش متوقع ہے۔ کوئٹہ، ژوب اور زیارت میں ہلکی بارش ہوگی۔