قیصع کھوکھر: محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کوعید میلاد النبی پرفُول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کنٹرول روم عید میلاد النبیﷺ کےجلوسوں کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نےعید میلاد النبیﷺ کےسلسلہ میں سیکیورٹی گائیڈ لائن جاری کر دی، عید میلادالنبیﷺ پر کورونا ایس او پیز پرمکمل عمل درآمد کی بھی ہدایت کی گئی، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عیدمیلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ہو نے والی محافل اور تقاریب میں ماسک کا استعمال اورسماجی فاصلے قائم رکھا جائے، محکمہ داخلہ نے بڑے جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سول سیکرٹریٹ میں عید میلاد النبی کے سلسلہ میں کنٹرول روم چوبیس گھنٹےکام کرےگا، کنٹرول روم کی نگرانی ایڈیشنل سیکرٹری حسین بہادر کر یں گے، یہ کنٹرول روم پولیس اور تمام اضلاع کے کنٹرول رومز سےمنسلک کیا گیا ہے، کنٹرول روم بڑے بڑے مذہبی جلوسوں کی لائیومانیٹرنگ بھی کرے گا۔
محکمہ داخلہ کے اس کنٹرول روم کو انٹرنیٹ اور آئی ٹی سےمنسلک کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہےکہ کنٹرول روم تمام اضلاع کے کنٹرول روم کو ہدایات جاری کرے گا، کنٹرول روم کا چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا اور وزیر قانون راجہ محمد بشارت دورہ کریں گے۔