لوئر مال (علی اکبر) پنجاب حکومت کی جانب سے تھانوں میں خواتین کی سہولت کیلئے الگ کاؤنٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں محکمہ پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں آئی جی پنجاب انعام غنی نے بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پراسیکیوشن اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے نمایاں اقدامات کئے ہیں، جنوبی پنجاب میں ایڈیشنل آئی جی کے دفتر کا قیام پنجاب حکومت کا اہم کارنامہ ہے، پولیس ملازمین کو ڈیلی فکسڈ اور ایگزیکٹو الاؤنس کا اجراء کیا گیا، پنجاب پولیس کو 568 نئی گاڑیاں فراہم کی گئیں، 7 تھانوں کو زمین الاٹ، 37 تھانوں کی عمارتوں کی تکمیل کیلئے فنڈز فراہم کئے گئے، تفتیشی نظام کی بہتری کے لیے 14 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نے 6829 خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے، اربن تھانوں میں خواتین کیلئے الگ کاؤنٹرز بنائیں گے، پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے پرانے قوانین اپ ڈیٹ کئے جا رہے ہیں، امسال 118 پولیس خدمت مراکز سے 4 لاکھ شہری مستفید ہوئے،بہتر کرائم مانیٹرنگ کیلئے 15 کے نظام کو سنٹرلائز کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے شکایات سیل کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے، صوبہ کی مزید 14 سڑکوں پرہائی وے پٹرول پولیس کا گشت شروع کیا گیا ہے۔