آزادی مارچ، کینٹینرز کی پکڑ دھکڑ پر گڈز ٹرانسپوٹرز پریشان

22 Oct, 2019 | 07:03 PM

Arslan Sheikh

( شہزاد خان ) جے یو آئی کا آزادی مارچ روکنے کیلئے کنٹینرز اور ٹرک ٹرالہ کی پکڑ دھکڑ سے گڈز ٹرانسپوٹرز حکومت سے نالاں، کہتے ہیں کہ کاروبار پہلے ہی نہ ہونے کے برابر ہے، حکومت لوڈڈ گاڑیوں اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کرے۔

لاہور سے کراچی، اسلام آباد، روالپنڈی جانے والے کنٹینرز اور ٹرک ٹرالہ کی پکڑ دھکڑ سے گڈز ٹرانسپوٹرز پریشان ہوگئے، پاکستان گڈز ٹرانسپوٹرز اور ٹرک ٹرالہ ایسوسی ایشن نے لوڈڈ گاڑیاں اور کنٹینرز کی پکڑدھکڑ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ صدر ٹرک ٹرالہ ایسوسی ایشن لالہ یاسر نصیر اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے جنرل سیکرٹری نبیل طارق نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے حال پر رحم کرے۔

دوسری جانب تاجروں نے بھی کنٹینرز اور لوڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ پر تحفظات کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ لوڈڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ سے اشیائے تجارت کی ترسیل رک جائے گی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونگی۔ صدر برانڈرتھ روڈ الیکٹریکل ٹریڈر ایسوسی ایشن آغا ذوالفقار نے کہا کہ اس عمل سے اشیائے ضروریہ، سبزیوں اور پھلوں کی قلت پیدا ہوجائے گی۔

گڈز ٹرانسپوٹرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے کنٹینرز اور لوڈڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ نہ روکی تو گڈز ٹرانسپوٹرز بھی سڑکوں پر ہونگے۔

مزیدخبریں