سٹی42: انٹرنیشنل کریمینل کورٹ آئی سی سی کے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری نکالنے کے بعد ہالینڈ کے وزیر کا اسرائیل کا دورہ منسوخ کر دیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے فیصلے کے تناظر میں وزیر خارجہ کاسپر ویلڈکیمپ کا اگلے ہفتے اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد ہالینڈ کے وزیر خارجہ اس کی تعمیل کرنے کا بیان دینے والے پہلے بین الاقوامی رہنما تھے۔ ویلڈکیمپ نے جمعرات کو پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ اگر نیتن یاہو نے آئی سی سی کے موقف کے مطابق ڈچ سرزمین پر قدم رکھا تو نیدرلینڈز اسے گرفتار کر لے گا۔
ویلڈکیمپ نے کہا تھا کہ نیدرلینڈ نیتن یاہو، سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے رہنما محمد ضعیف کے ساتھ کسی "غیر ضروری" رابطوں میں بھی شامل نہیں ہوگا۔ آئی سی سی نے جمعرات کو تینوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
وارنٹ کی خبروں اور ڈچ فیصلے نے اسرائیل کی طرف سے ناراض ردعمل کو جنم دیا اور یہ صورتحال دورہ منسوخ کرنے کا باعث بنی۔
دوسری طرف دی ٹائمز آف اسرائیل نے اطلاع دی ہےکہ وزیر خارجہ ساعر کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ویلڈکیمپ اور ساعر کے درمیان (فون پر) بات چیت ہوئی اور "اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہالینڈ کے وزیر خارجہ کا اسرائیل کا دورہ جو اگلے پیر کے لیے طے کیا گیا تھا - نہیں ہو گا"۔
جمعرات کو پارلیمنٹ میں ان کے سفر کے وقت کو عام کرنے پر خود ویلڈکیمپ نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی سلامتی کمپرومائز ہوئی ہے اور بعد میں کہا گیا کہ اس سفر کو "موجودہ صورتحال کے پیش نظر"، تفصیلات میں جانے کے بغیر ملتوی کیا جا رہا ہے۔
نیدر لینڈز کے وزیر خارجہ نے انتہائی دائیں بازو کے ڈچ رہنما گیرٹ ولڈرز کے اپنے دورے کو آگے بڑھانے کے فیصلے پر بھی تنقید کی، جس کی چند تفصیلات NRC نے گزشتہ ہفتے شائع کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ "یقیناً یہ ارکان پارلیمنٹ پر منحصر ہے کہ وہ کہاں جانا پسند کرتے ہیں۔ " ویلڈکیمپ نے کہا، "لیکن اگر وائلڈرز (اسرائیل کے اندر یودی آبادکاروں کی)بستیوں اور آباد کاروں کے رہنماؤں کا دورہ کر رہے ہیں، تو یہ اتحادی معاہدے سے متصادم ہے۔"
انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ جمعہ کی کابینہ کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔
دو ریاستی حل
نیدر لینڈز کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت پی وی وی کا خیال ہے کہ حقیقی فلسطین اردن ہے جبکہ حکمران اتحاد اسرائیل غزہ کی صورت حال کے دو ریاستی حل کے لیے پرعزم ہے۔
دریں اثنا، گیرٹ ولڈرز نے آئی سی سی کی گرفتاری کے وارنٹ کو "دنیا پاگل ہو گئی" قرار دیا۔
"بین الاقوامی سمجھ بوجھ اور حمایت حاصل کرنے کے بجائے، آپ کو گرفتاری کے وارنٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دنیا پاگل ہو چکی ہے۔ میں اپنے دوست نیتن یاہو سے جلد ہی اسرائیل میں مل کر فخر محسوس کر وں گا،‘‘ گیرٹ ولڈر نے سوشل میڈیا پر کہا۔