’ کل جو بیان آیا اس سے بڑی پاکستان کے ساتھ دشمنی نہیں ہو سکتی‘

22 Nov, 2024 | 06:32 PM

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، آپ نے کل جو زہر اگلا وہ ناقابل معافی ہے، پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے ۔ 

وزیر اعطم شہباز شریف نے کچھی کنال کی بحالی کی افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی دور حکومت ہو سعودی عرب نے بلا تفریق پاکستانی عوام کی بھرپور معاونت کی، سعودی عرب نے 77 سال میں کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا بلکہ بھائی کی طرح پاکستان کی غیر مشروط مدد کی۔ 

 بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل میں شہباز شریف نے کہا کہ کل جو بیان آیا اس سے بڑی پاکستان کے ساتھ دشمنی نہیں ہو سکتی، سعودی عرب نے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا ہمیشہ پاکستان کیلیے دروازے کھولے، آج سعودب عرب کے بادشاہ اور ولی عہد کھل کر پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ آپ منصوبے لے کر آئیں ہم تو انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ زہر آلود بیان دے رہے ہیں جس کے پاکستان کو نقصان کا ان کو اندازہ نہیں، جس دوست بھائی کا یہ رویہ ہو ان کے خلاف زہر اگلا جائے تو وہ کیا کہیں گے؟۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی تعریفی کلمات کی ضرورت نہیں لیکن یہ لوگ دل میں اچھے کلمات رکھنے کے بجائے الٹا زہر آلودہ کلمات کہہ رہے ہیں۔ جب پاکستان ایٹمی طاقت بنا تو نواز شریف کے ساتھ سعودی عرب تھا۔ مرحوم کنگ عبداللہ نے نواز شریف کا ہاتھ پکڑا کہا تھا کہ آپ میرے بھائی ہیں۔ یہ معاشرے میں ایسا زہر گھول رہے ہیں جس کے نقصانات کا ان کو اندازہ نہیں۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف میں سعودی عرب نے بیل آؤٹ کیا، آپ نے کل جو زہر اگلا وہ ناقابل معافی ہے، پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، ہمیں پاکستان کی خوشحالی کیلیے متحد ہو کر ملک دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے کی بحالی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے، حکومت پنجاب کے تعاون سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔ کچھی کینال کی فزیبلٹی کا آغاز 1998 میں ہوا لیکن منصوبے کا مشرف کے دور میں بیڑہ غرق کیا گیا اور بغیر کسی ٹینڈر کے منصوبے کو ٹھیکیداروں کے حوالے کیا گیا، سب گواہ ہیں کہ کس طریقے سے غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف کا دوبارہ دور آیا تو 2018 میں اسے مکمل کیا گیا۔ منصوبے کے اصل محسن نواز شریف ہیں جنہوں نے اسے مکمل کروایا۔ منصوبے کے اگلے مرحلے کو مکمل کرنے کیلیے وسائل فراہم کریں گے۔ سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں میرٹ کو دوبارہ بحال کیا ہے۔ وہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بہت محنتی ہیں اور خوشی ہے کہ یہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔ سرفراز بگٹی اور مریم نواز عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لے کر آ رہے ہیں۔

مزیدخبریں