پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج؛ آمد و رفت بند کرنے کا آغاز

22 Nov, 2024 | 03:54 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  پی ٹی آئی کا بلا اجازت احتجاج روکنے کے لئے آج سہ پہر جی ٹی روڈ پر وزیر آباد کے قریب چناب پل کو آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا. آج رات تمام بس اڈے بھی بند کر دیئے جائیں گے، موٹروے بھی بند کرنے کا اعلان ہوچکا ہے ۔ 

 وزیر آباد کے قریب جی ٹی روڈ پر دریائے چناب کے پل کو آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے . 

انتظامیہ کی جانب سے تمام بس اڈوں اور انٹر سٹی بس ٹرمینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام آپریشنز آج رات  8  بجے بند کر دیئے جائیں۔ 

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کو بلا اجازت احتجاج سے باز رکھنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز  حکم جاری کیا تھا کہ انتظامیہ تمام ضروری اقدامات کرے۔ وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رینجرز اور ایف سی کو طلب کر رکھا ہے جو وفاقی پولیس کی سڑکوں پر معاونت کریں گے، اس کے ساتھ  وفاقی حکومت نے پنجاب کی حکومت سے کوارڈینیشن کر کے پنجاب کی طرف سے  بلا اجازت احتجاج کے لئے اسلام آباد جانے والوں کو روکنے کے لئے کارروائی کا آغاز کروا دیا ہے جس کے تحت ابتدا میں جی ٹی روڈ پر وزیر آباد کے قریب دریائے چناب کے پل کو بند کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات پہلے بتا چکی ہیں کہ پنجاب سے کسی کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی . 

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث موٹروے بھی بندکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹروے لاہور سے اسلام آبادکل اور پرسوں بند رہے گی ۔ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے موٹروے بندرکھنے کافیصلہ کیاگیا ۔ 

ذرائع کے مطابق لاہور سے بابوصابو،ٹھوکر،شرقپورانٹرچینج،کالاشاہ کاکوانٹرچینج بندرہیں گے، لاہور سے ملتان موٹروے بھی 2روز بند رہے گی۔

موٹروے بندش کا اطلاق آج رات 12بجے ہونے کاامکان ہے ۔ 

لاہور میں  رِنگ روڈ بند

لاہور میں 23 اور24نومبر کو پی ٹی آئی کے  متوقع احتجاج کی وجہ سے لاہور پولیس نے رنگ روڈ بند رکھنے کا مراسلہ کمانڈنٹ رنگ کو بھجوا دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر امن و عامہ میں نقص عامہ کا باعث بن سکتے ہیں ،امن و امان کو برقرار رکھنے کےلئے رنگ روڈ کو مکمل بند رکھا جائے،رنگ روڈ 23 اور24نومبر کو صبح 8 سے 6 بجے تک ٹریفک کےلئے بند رکھا جائے۔

 راولپنڈی میں میٹرو بس سروس 4 روز کیلئے بند 

راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی حدود  میں میٹروبس سروس 28 نومبرسے یکم دسمبرتک بند کی جائے گی۔

 راولپنڈی میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس صدر سٹیشن تا فیض آباد  سٹیشن تک بند کی جائے گی، ٹریک کی بحالی کے کے لئے مرمتی سرگرمیوں کے باعث میٹروبس سروس بند کی جا رہی ہے۔میٹروبس سروس فیض آبادسے پاک سیکرٹریٹ تک معمول کے مطابق چلے گی، 2 دسمبر سے میٹروبس سروس مکمل بحال کردی جائے گی۔

مزیدخبریں