پی ٹی آئی کا 24 نومبر کو احتجاج، وزیرداخلہ کا دوٹوک بیان آگیا

22 Nov, 2024 | 03:31 PM

سٹی42:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم قانون کے پابند ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر سب نے پڑھ لیا، اسلام آباد میں کسی کو بھی جلسے، جلوس یا دھرنے کی اجازت نہیں دیں گے، 24نومبر کے احتجاج کیلئے کسی نے کوئی درخواست نہیں دی۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر 100فیصد عملدرآمد کریں گے،اس سوال پر کہ حتجاج کو روکنے کی کوشش کے دوران ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کا ذمہ دار کون  ہے؟ وزیر داخلہ نے کہاکہ ذمہ دار وہی ہوں گے جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرکے آرہے ہیں، ذمہ دار وہ ہوں گے جو دھاوا بولنے آرہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق پی ٹی آئی  کی جانب سے 24نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج  اور دھرنے کی کال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے اپنی حکمت عملی وضع کرلی ہے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر انداز سے نمٹنے کی خاطر اسلام آباد میں رینجرز اور اضافی ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اس ضمن میں یہ بھی طے کرلیا گیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد کے کون سے راستے بند کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں