احسن عباسی: پاکستان پوسٹ کا ایک انوکھا کارنامہ سامنے آیا ہے جس میں ایک شہری کو میوہ جات کے بجائے چائے کی پتی پہنچا دی گئی۔
شہری نے منگنی کی تقریب کے لیے 10 کلو سے زائد میوہ جات کا آرڈر پاکستان پوسٹ سے کیا تھا، جس میں بادام اور چلغوزے شامل تھے۔
شہری نے جب پارسل وصول کیا تو اس کا وزن کم تھا اور چیک کرنے پر اندر چائے کی پتی نکلی۔ اس پر شہری نے پاکستان پوسٹ کے خلاف کنزیومر کورٹ سے رجوع کر لیا۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق شکایت پر پاکستان پوسٹ نے تین ملازمین پر 313 روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ کے خلاف 25 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس کیس کے دلائل سننے اور شواہد دیکھنے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو جلد سنایا جائے گا۔